گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے آج بیچ صفائی مہم کا افتتاح کیا۔ مہم کی شروعات جی ڈی اے ماڈل بیچ پارک سے ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، سماجی تنظیمیں، سوشل ورکرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

اجتماعی ذمہ داری پر زور

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ گوادر ہم سب کا شہر ہے، اور اس کی صفائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بیچز، پارکس اور سڑکوں کو صاف رکھنا نہ صرف اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنے حصے کا کام کر رہے ہیں لیکن اصل کامیابی تب ہی ہوگی جب عوام اس عمل میں بھرپور ساتھ دیں۔

چھوٹے اقدامات، بڑا اثر

ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ اگر ہر فرد اپنے گھر، گلی اور محلے کو صاف رکھنے سے شروعات کرے تو اجتماعی کاوشوں کے ذریعے گوادر کو ایک جدید، بندرگاہی اور اسمارٹ سٹی میں بدلنا ممکن ہے۔

مہم کی نگرانی

بیچ صفائی مہم کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل ونگ یحییٰ واڈیلہ کر رہے ہیں، جبکہ چیف انجینیئر حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ماحولیات رسول بخش بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عبدالرحیم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر نظر محمد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ایک مثبت قدم

یہ مہم نہ صرف بیچز اور پارکس کو صاف رکھنے کی جانب قدم ہے بلکہ شہریوں میں یہ شعوراجاگر کرنے کی کوشش بھی ہے کہ ایک صاف ستھرا اور سرسبز گوادر ہم سب کے تعاون سےہی ممکن ہے۔