گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کے فیز 2 کی تعمیر کی منظوری سی پیک کے تحت 8ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں دی گئی۔ یہ فیز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گوادر پورٹ سے براہِ راست جوڑے گا۔ منصوبے کے تحت 8-13 کلومیٹر طویل، چھ لین ڈوئل کیرج وے بنایا جائے گا، جس میں ٹول پلازہ، نکاسی آب، لائٹنگ، باربندی اور سکیورٹی ٹاورز جیسی سہولیات شامل ہوں گی۔
اس پروجیکٹ سے کارگو ٹرانسپورٹ نہ صرف تیز اور ہموار ہوگی بلکہ گوادر کی لاجسٹکس اور پورٹ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس کا 95 فیصد فنڈ سی پیک کے تحت چین کی گرانٹ ان ایڈ سے فراہم کیا جائے گا، جبکہ تعمیر کا کام چین ہاربر انجنیئرنگ کمپنی کرے گی۔ (CHEC)
اس منصوبے سے گوادر اور خطے کو کیا فائدہ ہوگا؟
ایکسپریس وے کا پہلا فیز جون 2022 میں مکمل ہو چکا ہے، جو 19 کلومیٹر طویل ہے اور گوادر پورٹ کی مرکزی شریان کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس نے گوادر پورٹ کو مکران کوسٹل ہائی وے اور سی پیک کے مغربی روٹ سے جوڑ کر درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ تجارت کو مؤثر بنایا۔
فیز 2 کے مکمل ہونے سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پورٹ تک سامان کی ترسیل میں وقت اور لاگت دونوں کم ہوں گے۔ یہ منصوبہ گوادر کو خطے کا لاجسٹک اور معاشی مرکز بنانے کے وژن کو مزید تقویت دے گا، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیا اور چین کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافہ ہوگا۔

